سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے ستھرا پنجاب ایجنسی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے ورکرز میں سیفٹی اور ہائیجین کٹس تقسیم کیں۔
تقسیم کی جانے والی کٹس میں حفاظتی جیکٹس، فرسٹ ایڈ باکس، ہاٹ اینڈ کولڈ تھرماس، حفاظتی چشمے، ہیٹس، دستانے، ماسک، حفاظتی جوتے اور دیگر ضروری سامان شامل ہے، تاکہ ورکرز دورانِ ڈیوٹی موسمی شدت، گردوغبار اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور پنجاب کی خوبصورتی کے مشن میں مصروف ورکرز معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی جان، صحت اور سلامتی کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ورکرز کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ محنت کشوں کو دورانِ ڈیوٹی ضروری سہولیات اور مناسب حفاظتی سامان میسر ہو۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صاف ستھرا اور سرسبز پنجاب کا خواب ورکرز کی انتھک محنت کے بغیر شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں محفوظ، صحت مند اور باوقار ماحول میں کام کرنے کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ سیفٹی اور ہائیجین کٹس کی تقسیم کا بنیادی مقصد ورکرز کو دورانِ فرائض ممکنہ خطرات سے بچانا اور ایک محفوظ پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ دینا ہے۔


