نیویارک (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی عالمی کمپنی مائیکروسافٹ کی اہم سروسز بشمول آؤٹ لک (Outlook)، مائیکروسافٹ ٹیمز (Teams) اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ کوپائلٹ (Copilot) تقریباً 24 گھنٹے تک جاری رہنے والے شدید تکنیکی تعطل کے بعد دنیا بھر میں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تعطل جمعرات کی شام کو شروع ہوا تھا جس کے باعث دنیا کے 74 ممالک میں لاکھوں صارفین، کاروباری ادارے، ہسپتال، عدالتیں اور سرکاری محکمے متاثر ہوئے۔ ای میلز کی ترسیل رک جانے اور آن لائن میٹنگز منقطع ہونے سے دفتری امور بری طرح متاثر رہے، جبکہ امریکہ اور کینیڈا سمیت کئی ممالک میں پولیس اور انتظامی معاملات میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مائیکروسافٹ انتظامیہ نے اس طویل تعطل پر صارفین اور شراکت داروں سے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ بحران کسی سائبر حملے یا سیکیورٹی خلاف ورزی کا نتیجہ نہیں تھا۔ کمپنی کے مطابق حالیہ نیٹ ورک تبدیلی اور گنجائش بڑھانے (Network Capacity Upgrade) کے عمل کے دوران ایک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس سے سرورز پر غیر معمولی بوجھ پڑا اور وہ اچانک غیر فعال ہو گئے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ انجینئرنگ ٹیموں نے بنیادی خرابی دور کر کے سرورز کو مرحلہ وار بحال کیا تاکہ سسٹم کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ تازہ ترین اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے مطابق مائیکروسافٹ 365 کی تمام سروسز اب معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور زیرِ التوا ای میلز کی ترسیل بھی مکمل ہو چکی ہے۔

