واشنگٹن: امریکا کی ایک وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع تاریخی ایسٹ پوٹومیک پارک کو عوامی رسائی کے لیے بند کرنے اور وہاں نیا چیمپئن شپ گالف کورس تعمیر کرنے سے عارضی طور پر روک دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج اینا رئیس نے اپنے 30 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں انتظامیہ کے اس اقدام کو معطل کر دیا جس کے تحت اس 106 سالہ قدیم پارک اور گالف کورس کو 15 ماہ کی تزئین و آرائش کے لیے بند کیا جانا تھا۔ جج نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حکومت کی جانب سے پارک بند کرنے کے لیے پیش کیے گئے جواز محض "حیلے بہانے” ہیں اور اس عمل میں وفاقی ماحولیاتی اور تاریخی تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ انتظامیہ پارک میں گالف کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی پابند نہیں ہے، تاہم وہ گالف آپریشنز کی عدم موجودگی کو جواز بنا کر عام شہریوں کا پارک میں داخلہ بند نہیں کر سکتی۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ "ڈی سی پریزرویشن لیگ” اور مقامی شہریوں کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ صدر ٹرمپ موجودہ عوامی سہولیات کو ختم کر کے اسے ایک 18 ہولز پر مشتمل مہنگے چیمپئن شپ گالف کورس میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، جس سے اس تاریخی عوامی تفریح گاہ کی اصل شناخت متاثر ہوگی۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کورس کو جدید خطوط پر استوار کر کے اسے یو ایس اوپن اور رائیڈر کپ جیسے عالمی مقابلوں کے قابل بنانا چاہتے ہیں اور مقامی شہریوں کو فیسوں میں 50 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔
اس تنازع میں اس وقت مزید شدت آئی تھی جب انتظامیہ نے عدالت کو پیشگی اطلاع دیے بغیر پارک سے سینکڑوں درخت کٹوا دیے تھے، جس پر جج اینا رئیس نے محکمہ داخلہ، نیشنل پارک سروس اور محکمہ انصاف کے وکلاء کی جانب سے عدالت کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے کے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی دے رکھا ہے۔
امریکی عدالت نے واشنگٹن کے تاریخی پارک کی جگہ گالف کورس بنانے کا ٹرمپ انتظامیہ کا منصوبہ روک دیا

