منیلا: بحیرہ جنوبی چین میں چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں فلپائن اور آسٹریلیا نے باہمی فوجی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ منیلا میں طے پانے والے اس معاہدے کا بنیادی مقصد مشترکہ فوجی آپریشنز، تربیت اور افواج کی تعیناتی کی راہ میں حائل دفتری و انتظامی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔
اس موقع پر فلپائن کے وزیرِ دفاع گلبرٹو تیوڈورو نے معاہدے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے باہمی رابطہ کاری کے عمل میں تیزی آئے گی اور جن امور کے لیے پہلے 100 مراحل درکار ہوتے تھے، اب وہ محض 10 مراحل میں مکمل ہو سکیں گے۔ اس جامع معاہدے میں بحری، فضائی اور بری افواج کے درمیان تعاون کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، قدرتی آفات سے نمٹنے اور دفاعی انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے شعبے شامل ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا فلپائن کو سمندری اور سائبر سیکیورٹی خطرات کی بروقت نشاندہی کے قابل بنانے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی، نگرانی کے جدید آلات اور خصوصی تربیت میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب منیلا امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ اتحاد کے علاوہ دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بھی سیکیورٹی تعلقات کو وسعت دے رہا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا 2016 کے اس بین الاقوامی ثالثی فیصلے کی حمایت کرتا ہے جس میں بحیرہ جنوبی چین پر بیجنگ کے وسیع دعوؤں کو مسترد کیا گیا تھا، جبکہ چین فلپائن اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ فوجی مشقوں کی مسلسل مخالفت کرتا آیا ہے۔ فلپائن کی جانب سے دفاعی شراکت داریوں میں اضافے کے باعث بحیرہ جنوبی چین میں طاقت کا توازن ایک انتہائی حساس اور متنازع معاملہ بنتا جا رہا ہے۔
چین کی ناکہ بندی،فلپائن اور آسٹریلیا کے مابین نیا دفاعی معاہدہ طے پا گیا

