خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے)
نواز شریف اسکول آف ایمیننس، مٹھہ ٹوانہ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان اور رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ملک آصف بھا اعوان کی نواز شریف اسکول آف ایمننس، مٹھہ ٹوانہ میں خصوصی آمد پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران اسکول کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا اور مہمانانِ خصوصی نے اسکول میں فراہم کی گئی جدید تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں بچوں کے لیے جدید طرز کی تمام تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہاں طلبہ کو مکمل طور پر مفت تعلیم دی جائے گی تاکہ معیاری تعلیم ہر بچے کی دسترس میں ہو۔ تعلیمی ماہرین اور عوامی حلقوں نے اس اقدام کو تعلیم کے فروغ، جدید تعلیمی نظام اور بچوں کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

