چکوال: (مہتاب نصیر اعوان سے)
ہنگو میں خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے چکوال کے دو سپوت لیفٹیننٹ شیراز بابر شہید اور سویلین شہری غلام سجاد شہید کو مکمل فوجی اعزاز اور پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں بھٹی گجر، تحصیل کلرکہار، ضلع چکوال میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہداء کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر پاک فوج کے افسران و جوانوں سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ فوجی دستے کی جانب سے شہداء کو سلامی پیش کی گئی اور قومی پرچم میں لپٹے جسدِ خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ شہید لیفٹیننٹ شیراز بابر اور سویلین شہری غلام سجاد کی میتیں آبائی گاؤں پہنچنے پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی، جبکہ اہل علاقہ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چکوال کے ان دونوں سپوتوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء کے اہل خانہ اور اہل علاقہ نے وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے والے دونوں سپوتوں کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین چکوال کے ان دونوں سپوتوں کی قربانی نے ایک بار پھر اس دھرتی کے ان بہادر بیٹوں کی یاد تازہ کر دی جو وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں


