کیلے فورنیا:مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اور شاندار اور مفید فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کی مدد سے اب صارفین کو طویل پیغامات ٹائپ کرنے یا وائس نوٹ بھیجنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔ اس نئے فیچر کے تحت صارف جو کچھ بولے گا، واٹس ایپ اسے خود بخود تحریری متن (Text) میں تبدیل کر دے گا۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کی خبریں دینے والے معتبر پلیٹ فارم ’واٹس ایپ بیٹا انفو‘ کے مطابق، یہ نیا ٹول اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن (2.26.37.8) میں دیکھا گیا ہے، اگرچہ فی الحال یہ تیاری کے مراحل میں ہے اور عام بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی دستیاب نہیں کیا گیا۔
فیچر کیسے کام کرے گا؟
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی چیٹ بار کے اندر ایک خاص بٹن دیا جائے گا۔ اس بٹن کو دباتے ہی صارف اپنی آواز میں پیغام بول سکے گا، اس دوران اسکرین پر "Listening” کا اشارہ ظاہر ہوگا۔ آواز سے بننے والے اس تحریری متن کو بھیجنے سے پہلے صارف کو ریویو کرنے اور کسی بھی غلطی کو درست کرنے کا مکمل موقع ملے گا، اور پھر ’سینڈ‘ کا بٹن دبا کر پیغام روانہ کیا جا سکے گا۔
اہم خصوصیات:
آڈیو کے بجائے ٹیکسٹ: اس فیچر کے ذریعے بھیجا جانے والا پیغام دوسرے شخص کو صرف تحریری شکل میں ملے گا، اصل آڈیو ریکارڈنگ ٹرانسفر نہیں ہوگی۔
جامع استعمال: یہ سہولت صرف ون آن ون چیٹس تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اسے گروپس اور چینلز میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
آف لائن سہولت: واٹس ایپ اس فیچر کے لیے ڈیوائس میں لوکلی ڈاؤن لوڈ ہونے والے لینگویج پیکس استعمال کرے گا، یعنی مطلوبہ زبان کا پیک ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد صارف انٹرنیٹ کے بغیر بھی بول کر پیغام لکھوانے کے قابل ہو جائے گا۔
ٹیک ماہرین کا ماننا ہے کہ اس فیچر کے آنے سے چیٹنگ کا انداز یکسر بدل جائے گا اور صارفین کا وقت بھی بچ پائے گا۔
واٹس ایپ کا زبردست تحفہ: اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ’وائس ٹو ٹیکسٹ‘ نیا فیچر

