سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ نگرانی خواتین و بچوں کے تحفظ کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں سیالکوٹ پولیس نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ، وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر شازیہ بشیر، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے خطاب کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے تحفظ، ہراسگی کی روک تھام اور محفوظ تعلیمی و سماجی ماحول کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طالبات کو اپنے حقوق اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ رہنے اور کسی بھی دھمکی، ہراسگی یا استحصال کی صورت میں بروقت مدد حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے پولیس، تعلیمی اداروں، والدین اور معاشرے کے مشترکہ کردار پر بھی زور دیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس کی آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے اس کاوش کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے طالبات کے لیے ایسے آگاہی سیشنز کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا اور ان کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انسپکٹر خرم شہزاد نے ڈیجیٹل و سائبر سکیورٹی پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے آن لائن ہراسگی، بلیک میلنگ اور فشنگ سے بچاؤ، مضبوط پاس ورڈز، ٹو اسٹیپ آتھنٹیکیشن اور محفوظ سوشل میڈیا استعمال کے بارے میں رہنمائی دی۔ متاثرہ ہونے کی صورت میں شواہد محفوظ رکھنے اور متعلقہ اداروں کو بروقت رپورٹ کرنے کی اہمیت بھی بیان کی گئی۔
انچارج ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر سعدیہ نایاب نے طالبات کو ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ویمن سیفٹی ایپ، سیفٹی پینک بٹن اور کیو آر کوڈ پینک بٹن کے ذریعے مدد حاصل کرنے کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا۔
یہ سیمینار آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی ہدایات پر جاری ہفتہ برائے آگاہی و تحفظ خواتین و بچوں کی کڑی ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ نگرانی ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران مختلف اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں آگاہی لیکچرز دے رہے ہیں، تاکہ خواتین اور بچوں کو حفاظتی تدابیر اور مدد کے دستیاب ذرائع سے آگاہ کیا جا سکے۔



