سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت )
سکھر: 12 ربیع الاول کے سلسلے میں سکھر کے کلاک ٹاور اور اطراف میں تجاوزات اور نو پارکنگ کے خلاف ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور پولیس کی جانب سے بڑا آپریشن کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سکھر بشریٰ منصور کی زیرِ نگرانی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات ختم کرائیں۔ نو پارکنگ ایریا میں کھڑی متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کیے گئے۔
کارروائی کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ غیرقانونی طور پر قائم کاؤنٹرز، سامان اور دیگر تجاوزاتی اشیاء تحویل میں لے لی گئیں۔پولیس انتظامیہ نے آپریشن کے دوران سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں معاونت کی۔ انتظامیہ کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے راستوں اور اہم شاہراہوں کو کلیئر رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائی مزید جاری رہے گی۔اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ نو پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی پارکنگ اور سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

