بیجنگ:چین نے اپنے اہم ترین قمری تحقیقی مشن ’چانگ ای-7‘ (Chang’e-7) کو عارضی طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مشن کا بنیادی مقصد چاند کے تاریک حصوں اور جنوبی قطب کے ماحول کا جائزہ لینا تھا، جہاں پانی کی برف کی تلاش سمیت دیگر سائنسی سرگرمیاں انجام دی جانی تھیں۔
اتوار کے روز چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں بتایا گیا کہ یہ خلائی جہاز آنے والے چند دنوں میں جنوبی چین کے جزیرے ہینان میں واقع وینچانگ اسپیس لانچ سائٹ سے روانہ ہونے کے لیے بالکل تیار تھا، تاہم موجودہ لانچنگ کی شرائط اس مشن کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ رواں سال کے طے شدہ وقت کے دوران شروع نہیں کیا جا سکتا۔
خلائی ایجنسی کے مطابق، یہ اہم فیصلہ ایک تفصیلی اور "جامع جائزے” کے بعد کیا گیا ہے۔ اس اقدام کی بنیاد مکمل طور پر "احتیاط، اعلیٰ قابل اعتمادی اور مشن کی سو فیصد کامیابی” کے اصولوں پر رکھی گئی ہے، اگرچہ ایجنسی کی جانب سے اس تاخیر کی وجوہات کے حوالے سے مزید تکنیکی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
چانگ ای قمری تحقیقی پروگرام کا ساتواں مشن ہے، جس کے ذریعے چین چاند کے ان حصوں سے پردہ اٹھائے گا جہاں ہمیشہ گھپ اندھیرا رہتا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شینہوا‘ کے مطابق اس مشن کا مقصد کلیدی خلائی ٹیکنالوجیز میں نئی کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔

