مراکش کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر فرانس نے فیفا عالمی کپ 2026 میں اپنی 100 فیصد فتح کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔ فرانس نے سیمی فائنل تک کا سفر 6 میچوں میں 16 گول کے ساتھ پورا کیا۔
’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو شکست دے دی۔ بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں فرانس نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی فرانس فیفا عالمی کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ فرانس کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں ایک بار پھر کیلیان ایمباپے کا اہم کردار رہا۔ ایمباپے نے کوارٹر فائنل میں مراکش کے خلاف ویسا ہی کھیل پیش کیا، جیسا راؤنڈ آف 16 میں مصر کے خلاف ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونیل میسی نے دکھایا تھا۔ دونوں نے پنالٹی ضائع کرنے کے بعد گول کیا اور اپنی ٹیم کو اگلے مرحلے تک پہنچایا۔

