سوئٹزرلینڈ بمقابلہ کولمبیا ’راؤنڈ آف 16‘ کا آخری مقابلہ تھا۔ اس میچ کے فاتح سے ہی کوارٹر فائنل کی لائن اَپ مکمل ہونی تھی۔ لیکن اس میچ کے فاتح کا فیصلہ ہونے میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کا وقت لگ گیا۔
’فیفا عالمی کپ 2026‘ میں ہر مرحلہ کوئی نہ کوئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ اس بار کئی ٹیموں نے برسوں پرانے زخم کو بھرا ہے۔ پری کوارٹر فائنل کے اپنے میچ میں ارجنٹائنا کے خلاف مصر بھی ایسا کرنے کے بہت قریب پہنچ کر چوک گئی۔ حالانکہ اس مرحلہ کے آخری میچ میں سوئٹزرلینڈ نے 72 برس کا انتظار ختم کر دیا۔ کولمبیا کے خلاف مقابلہ میں سوئٹزرلینڈ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے کامیابی حاصل کی اور 1954 کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سوئٹزرلینڈ کی فتح کے ہیرو تقریباً ساڑھے 6 فٹ قد والے گول کیپر گریگور کوبیل رہے، جنہوں نے شوٹ آؤٹ میں ایک اہم پنالٹی بچائی۔

