لاہور:پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پورے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو موثر طور پر برقرار رکھا جا سکے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق یہ پابندیاں 17 جون سے 26 جون تک نافذ رہیں گی۔ اس دوران مجموعی طور پر سات مختلف نوعیت کی پابندیاں صوبے بھر میں لاگو ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صرف وہی جلوس اور مجالس منعقد ہوں گے جنہیں باقاعدہ اجازت حاصل ہو گی جبکہ عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید یہ کہ اشتعال انگیز نعرے لگانے، جذبات یا فرقہ واریت کو ہوا دینے والے اشارے یا تقاریر کرنے اور کسی بھی قسم کے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے بیانات یا تبصروں پر بھی سخت پابندی ہوگی۔ اسی طرح جلوس کے راستوں پر موجود عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
حکومت کے مطابق جلوس کے روٹس پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کسی بھی قسم کا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی ہوگی جبکہ جلوس کے دوران ان چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر کھڑے ہو کر بطور تماشائی موجود رہنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ دیگر تمام افراد پر عائد پابندیاں یکم سے 10 محرم الحرام تک نافذ رہیں گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو لاگو ہوگی۔

