تلہ گنگ (جلیل نقوی سے)

ضلع بھر کے سرکاری ملازمین نے اپنے حقوق کے تحفظ اور مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کا آغاز گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 تلہ گنگ سے ہوا جو مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔احتجاجی ریلی میں خواتین و مرد اساتذہ سمیت مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے سرکاری اداروں کی نجکاری، پنشن قوانین میں مجوزہ ترامیم، رول 17-A کے خاتمے اور ملازمین کے حقوق سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، لہٰذا حکومت فوری طور پر ان اقدامات پر نظرثانی کرے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے حقوق کے تحفظ اور جائز مطالبات کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

