بلوچستان (رحمت اللہ بلوچ، بیورو چیف بے نقاب نیوز)
جمعیت علماء اسلام پنجگور کے امیر حضرت مولانا حافظ محمد اعظم کی سربراہی میں علمائے کرام کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ سے ملاقات کی، جس میں مجوزہ ویمن مارکیٹ کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ویمن مارکیٹ کے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ اور معلومات حاصل کیں، جبکہ وفد میں شریک علمائے کرام نے اس حوالے سے اپنے شرعی، اخلاقی و سماجی تحفظات، خدشات اور تجاویز نہایت سنجیدگی اور مدلل انداز میں پیش کیں۔
اس موقع پر وفد نے ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ کی مثبت گفتگو، سنجیدہ رویے اور علمائے کرام کے ساتھ عزت و احترام پر مبنی طرزِ عمل کو بھرپور انداز میں سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ جہانزیب بلوچ ایک نوجوان اور مثبت سوچ کے حامل افسر ہیں اور ان کا مؤدبانہ رویہ ان کی اعلیٰ اخلاقی اقدار کا عکاس ہے۔
علمائے کرام نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور پیش کردہ تجاویز اور تحفظات کو سنجیدگی سے مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ نشست میں ایسا دانشمندانہ فیصلہ کریں گے جو علاقے کی دینی، اخلاقی اور سماجی روایات سے ہم آہنگ ہو۔
ملاقات کے اختتام پر جمعیت علماء اسلام پنجگور کے امیر مولانا حافظ محمد اعظم نے علمائے کرام کے متفقہ مؤقف اور فیصلوں پر مشتمل ایک تحریری دستاویز ڈپٹی کمشنر پنجگور کے حوالے کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ انتظامیہ ان تجاویز پر عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔


