سیالکوٹ (بیورو رپورٹ / سلیم احمد اعوان شیخو):
تھانہ سمبڑیال کے علاقہ بلو چک میں 14 سالہ بچی کے ساتھ پیش آنے والے دلخراش واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔بچی کے والد نے تھانہ سمبڑیال پولیس کو اطلاع دی کہ وہ اپنی اہلیہ کو علاج کے لیے اسپتال لے گیا تھا۔ اس دوران اس کی غیر موجودگی میں تین افراد گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر بچی کو یرغمال بنا کر بد اخلاقی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ، کیپٹن (ر) دوست محمد نے اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سمبڑیال محمد سجاد باجوہ کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا۔ڈی ایس پی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر میاں عبدالرزاق نے ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان—رضوان علی، شان علی اور سعد—کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


