سیئول: جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اگرچہ تاحال اپنے اگلے فلیگ شپ اسمارٹ فون ’گلیکسی ایس 27 الٹرا‘ کو باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا، تاہم اس آنے والے فون کے رنگوں، ڈیزائن اور ہارڈویئر کے حوالے سے اہم تفصیلات اور لیکس سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کے مستند ترین ٹپسٹر ’آئس یونیورس‘ کے مطابق، گلیکسی ایس 27 الٹرا کے بنیادی رنگوں میں سیاہ ، نیلا (بلیو)، ہلکا گلابی (لائٹ پنک) اور سفید (وائٹ) رنگ شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماڈل (ایس 26 الٹرا) کے بنیادی رنگوں میں سیاہ، کوبالٹ وائلٹ، اسکائی بلیو اور سفید شامل تھے جبکہ پنک گولڈ اور سلور شیڈو صرف سام سنگ کی ویب سائٹ پر دستیاب تھے۔
اس بار بنیادی رنگوں میں وائلٹ (بنفشی) شامل نہیں ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اسے کسی خصوصی ایڈیشن یا کلر کے طور پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
لیک ہونے والی رپورٹس کے مطابق، ایس 27 الٹرا کے ظاہری ڈیزائن میں بھی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ فون کے پچھلے حصے (بیک پینل) پر کیمرا ماڈیول کو بالکل نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ کیمروں کی پوزیشن کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔کیمرا کی دیگر خصوصیات میں 3x ٹیلی فوٹو کیمرا ختم کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ 5x ٹیلی فوٹو کیمرا اپنی جگہ برقرار رہے گا۔ اس کے علاوہ، مین کیمرا کے لیے ایک بالکل نیا 200 میگا پکسل سینسر دیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
امیج پروسیسنگ کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ کم روشنی (نائٹ موڈ) میں بھی تصاویر انتہائی واضح اور شور (noise) کے بغیر جا بیٹریمیں بھی اپ گریڈ کی خبریں ہیں۔چین کے سرٹیفیکیشن ادارے ’3C‘ کے مطابق، اس فون کی ریٹڈ بیٹری صلاحیت 5,534 ایم اے ایچ ہے جسے تجارتی سطح پر 5,700 ایم اے ایچ کے طور پر پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
اس کے ساتھ ہی فون میں 60 واٹ کی تیز رفتار وائرڈ فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔پروسیسر کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اس میں کوالکوم کا جدید ترین سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ ایکسٹریم جین 6 چپ سیٹ استعمال کیا جائے گا۔ ڈسپلے کے معاملے میں نیا M16 OLED پینل، تقریباً 6.89 انچ کی بڑی سکرین اور شاندار 165 ہرٹز ریفریش ریٹ دیے جانے کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ گلیکسی ایس 27 الٹرا کی باضابطہ رونمائی 2027 کے اوائل میں متوقع ہے، تاہم سام سنگ کی جانب سے تاحال اس کی قیمت، لانچ کی تاریخ یا ان خصوصیات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی؛ اس لیے یہ تمام تفصیلات فی الحال ابتدائی رپورٹس اور لیکس کی حد تک ہی ہیں۔
کیسا ہوگا سام سنگ کا جدید ترین فون? گلیکسی ایس 27 الٹرا کے نئے ڈیزائن، طاقتور بیٹری اور شاندار فیچرز سے متعلق تفصیلات لیک

