سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ کے علاقے منگلی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھروں کے عقب میں قائم پانی کے گہرے تالاب میں ڈوب کر دو سگی بہنوں سمیت تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق منگلی تھانے کی حدود 76 چک میں پاؤں پھسلنے کے باعث پہلے ایک لڑکی تالاب میں جا گری، جسے بچانے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے دیگر لڑکیوں نے بھی تالاب میں چھلانگ لگا دی، تاہم پانی گہرا ہونے کی وجہ سے تینوں ڈوب گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچیوں کو تالاب سے نکال کر فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 15 سالہ عائشہ، 12 سالہ مروہ اور 11 سالہ بان بی بی شامل ہیں، جن میں سے دو آپس میں سگی بہنیں تھیں۔ڈی ایچ او سانگھڑ ڈاکٹر عمر فاروق نے تینوں بچیوں کی موت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے لیٹر جاری کر دیا ہے، جبکہ دلخراش واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔


