دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس نے دیر بالا کا دورہ کیا اور واڑی جرگہ ہال میں منتخب نمائندوں، عمائدین اور مشرانِ علاقہ سے ملاقات کی۔ اجلاس میں ایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ، ایم پی اے یامین خان سمیت منتخب ممبرانِ اسمبلی، عمائدینِ علاقہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر منتخب نمائندوں اور عمائدین نے آئی جی خیبرپختونخوا کی دیر بالا آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام، پولیس کی استعدادِ کار میں اضافے اور عوام کے تحفظ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔
آئی جی پولیس نے اپنے خطاب میں دیر بالا کے عوام کی بہادری، حوصلے اور امن کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوبندو کے واقعے کے دوران عوام کا پولیس کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا قابلِ تحسین اور قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور عوام کا باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور دیر بالا کے عوام نے مشکل وقت میں پولیس کا ساتھ دے کر بہترین مثال قائم کی ہے۔
آئی جی نے یقین دہانی کرائی کہ دیر بالا پولیس کو جدید اسلحہ اور ضروری وسائل سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ نفری کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی استعداد بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر عمائدینِ دیر بالا نے اپنے خطاب میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام اور پولیس متحد ہیں اور کسی بھی شرپسند عناصر کو علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس سے آر پی او سید فدا حسین، ڈی پی او دیر بالا اور دیگر پولیس افسران نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور قیامِ امن کے لیے عوام کے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دریں اثناء آئی جی خیبرپختونخوا نے دیر بالا میں شہدائے پولیس کی مزارات پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے پولیس جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔
دورے کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور امن و امان کی موجودہ صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔




