کراچی :وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے اپنی جماعت کی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے متنازع بیان کو بالکل نظر انداز کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ 30 جولائی کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیان دیا تھا کہ ‘نظام ڈھے چکا ہے’۔ اس بیان کے بعد ن لیگ کے اندر سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا، بالخصوص وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر طنز کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کیا جائے۔
جیو ٹی وی کے پروگرام میں میزبان شاہزیب خانزادہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ نواز شریف نے واقعی پارٹی رہنماؤں کو اس معاملے کو رفع دفع کرنے کا کہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ محسن نقوی کی گفتگو اور اس کے انداز سے ن لیگ بالکل متفق نہیں ہے اور اس پر سخت اعتراض بھی ہے، تاہم پارٹی قیادت کی ہدایت یہی ہے کہ اس بے معنی اور سیاق و سباق سے بالاتر گفتگو پر مزید بحث کرنے کے بجائے اسے نظر انداز کیا جائے۔
نواز شریف نے محسن نقوی کے بیان کو نظر انداز کرنے کی ہدایت کر دی، رانا ثنا اللہ کی تصدیق

