میانوالی : (رپورٹ ملک سمیع اللہ )وقار عظیم، ڈی پی او میانوالی نے ڈیزل سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے پر پولیس کے دو اہلکاروں کو گرفتار کروا دیا۔
ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر مطیع الرحمان اور اے ایس آئی احمد خان کو ڈی پی او آفس طلب کیا گیا جہاں ان کے خلاف الزامات کی باقاعدہ انکوائری کی گئی۔ تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہونے پر ڈی پی او نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو اپنے دفتر میں ہی گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کے خلاف 155 سی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی اہلکار کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

