خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک آفس، زمان کالونی جوہرآباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن تھے۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساجد اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تنویر اشرف کلیار نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے جوہرآباد سول ویٹرنری ہسپتال میں قائم کیے گئے جانوروں کے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا اور آپریشن تھیٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر ویٹرنری ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی و تحصیل سطح پر جانوروں کے لیے آپریشن تھیٹرز کا قیام ایک بہترین اور مثالی اقدام ہے، جس سے مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر بہتر ویٹرنری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنری ہسپتالوں میں قائم آپریشن تھیٹرز میں جانوروں کے مختلف آپریشنز کیے جائیں گے، جس سے لائیو سٹاک کے شعبہ میں بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی اور مویشی پال افراد کی فلاح و بہبود کے لیے لائیو سٹاک کارڈ، کٹا پال سکیم سمیت دیگر اہم منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد آصف بھاء اور دیگر سیاسی قائدین نے لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی، کسانوں اور فارمرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساجد اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تنویر اشرف کلیار نے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے کسانوں اور فارمرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ویٹرنری ہسپتالوں کے قیام اور دیگر اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، ایم پی اے ملک محمد آصف بھاء، ایم پی اے سردار ظفر خان بلوچ کے کوآرڈینیٹر سردار ساجد خان بلوچ، سابق سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، پیر مصیب شاہ، راشدہ پروین، ڈاکٹر وسیم عباس، ڈاکٹر ملک مختار اعوان، رائے شفقت علی، محکمہ لائیو سٹاک کے افسران و اہلکاران،سینیئر صحافی ارشد بُھٹہ اور دیگر میڈیا پرسنز کے علاوہ کسانوں اور فارمرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے جانوروں کے بہتر علاج معالجہ اور مویشی پال افراد کو جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


