عمرکوٹ (رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی))
ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس عمرکوٹ کے دربار ہال میں حالیہ مون سون بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-1 جاوید احمد ڈاھری، ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز رجب علی سٹھیو، سنجی کمار ترکیو، محمد خان بھنگوار اور غلام علی طارق، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد علی، ریسکیو 1122 کے ڈویژنل ہیڈ بنسی لال مالھی، ایکسی این پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد یوسف شیخ، چیف ڈسٹرکٹ کاؤنسل آفیسر سید ساجد علی شاہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسلم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، سی ایم او میونسپل کمیٹی ھریش چندر، ایکسی این حیسکو علی رضا بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نور محمد شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر گنیش کمار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ایاز کاچھیلو، ڈی ایف او جان محمد سومرو، ڈی ای او میر حسن آریسر، ڈی ایم پی پی ایچ آئی شرف الدین میمن، مختیارکار عمرکوٹ ابرار احمد، ٹاؤن افسران فرحان لغاری، سید شمشیر علی شاہ، جہانزیب آرائیں، ایکسی این پروونشل ہائی ویز، ایکسی این ایریگیشن سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی، شہری علاقوں میں سیوریج کی بحالی، ہنگامی طبی سہولیات، ریسکیو آپریشنز، بجلی کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنے محکموں کی مشینری، افرادی قوت اور ہنگامی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک نے کہا کہ مون سون کے دوران عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ رین ایمرجنسی کے دوران مکمل الرٹ رہتے ہوئے مشینری، عملہ اور وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے سی ایم او عمرکوٹ اور تمام ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ ڈیزل انجن کی مشینری کو فعال بنا کر سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں۔ چاروں اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں کی مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، پانی کی نکاسی کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام اسپتالوں، تعلقہ اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ایمرجنسی نافذ رکھی جائے اور ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ادویات اور ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ریسکیو اداروں کو کشتیوں، ایمبولینسز اور امدادی ٹیموں سمیت مکمل تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔
انہوں نے میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹیوں اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو برساتی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کا نظام فعال رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے 24 گھنٹے الرٹ رہ کر عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔
اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے یقین دہانی کرائی کہ رین ایمرجنسی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

