میاں چنوں:بینقاب نیوز رپورٹر عاصم کمال
قومی ہیرو اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم گلاسگو میں ہونے والے ایتھلیٹکس ایونٹ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
میاں چنوں آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقابلوں کے دوران شدید سردی کے باعث وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران ان سے چند معمولی غلطیاں بھی ہوئیں، جن سے وہ سبق سیکھیں گے اور آئندہ انہیں دہرانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے بہترین کھیل پیش کرے، تاہم بعض اوقات حالات کارکردگی پر اثر انداز ہو جاتے ہیں۔انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی سے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے تو وہ آئندہ ایسی مایوسی کا موقع نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے بہترین کھیل پیش کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ارشد ندیم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ان کے لیے دعا کرے اور حوصلہ افزائی جاری رکھے، کیونکہ عوام کی محبت اور دعائیں ہی ان کے لیے سب سے بڑی طاقت ہیں۔

