سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
تین روز قبل بیرون ملک قطر سے آنے والے اوورسیز پاکستانی کو ائیر پورٹ سے اغواء کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے تھانہ پھلورہ کا رہائشی محمد عرفان والد محمد اصغر تین روز قبل بیرون ملک قطر سے پاکستان آیا اور وہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ لیمیٹڈ پر اتر کر ائیر پورٹ کی عمارت سے باہر نکلا تو اس کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا اور اغواء کرنے کے بعد اس کو قتل کر کے اس کی لاش کو تھانہ پھلورہ کے علاقہ سیہووال کے جنگل میں گڑھا کھود کر دبا دیا گیا جبکہ قتل ہونے والے عرفان کی ہمشیرہ اقراء بی بی کے مطابق اس کے بھائی کو مذکورہ ائیر پورٹ سے ہی اغواء کرنے کے بعد جان سے مار دیا گیا اس کا کہنا ہے کہ ہم ٹریفک کی وجہ سے تاخیر سے ائیر پورٹ پر پہنچے جبکہ بھائی کا فون مسلسل بند جا رہا تھا بلکہ ہم شریف لوگ ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہ ہے۔تھانہ ائیرپورٹ سمبڑیال پولیس نے مقتول کی ہمشیرہ اقراء بی بی رہائشی محلہ نبی پورہ ضلع شیخوپورہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مذکورہ تھانہ کی پولیس نے مذکورہ ائیر پورٹ پر لگے سی سی ٹی کیمروں اور جدید تکنیک کی مدد سے ایک قاتل کا سراغ لگا کر اس کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پولیس نے گرفتار شدہ قاتل کی نشان دہی کے بعد تھانہ ائیرپورٹ اور تھانہ پھلورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک گڑھے میں دبائی ہوئی لاش کو برآمد کرلیا ہے۔لاش کو تھانہ ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ دونوں تھانوں کی پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

