نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد رینج فیصل بشیر میمن کے احکامات کی روشنی میں محرم الحرام 1448 ہجری کے پرامن انعقاد کے لیے رینج کے تینوں اضلاع شہید بینظیرآباد، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز میں جامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق مجالس، ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 8 ہزار 714 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ رینج بھر کی 146 امام بارگاہوں، 1008 مجالس، 368 ماتمی جلوسوں اور 50 تعزیہ جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات رہے گی۔شہید بینظیرآباد ضلع میں 3 ہزار 347، سانگھڑ میں 2 ہزار 698 جبکہ نوشہرو فیروز میں 2 ہزار 669 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مؤثر بنایا جائے، گشت اور سرویلنس میں اضافہ کیا جائے جبکہ شہری امن و امان کے قیام کے لیے پولیس سے تعاون کریں۔

