میلسی( تحصیل رپورٹر سجاد سحر)
میلسی شہر میں اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب شہر کے ایک معروف دہی بھلے فروش کی دکان سے خریدے گئے دہی بھلوں میں مبینہ طور پر مردہ چھپکلی برآمد ہونے کا دعویٰ سامنے آیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کے پانچ افراد کی طبیعت غیر ہونے پر انہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔نواحی علاقے اشرف شاہ کے رہائشی اور سعودی پلٹ حاجی محمد عرفان نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے قائداعظم روڈ پر واقع شکوری دہی بھلے والوں سے دہی بھلے خریدے تھے۔ ان کے مطابق گھر میں کھانے کے دوران دہی بھلوں میں سے ایک مردہ چھپکلی برآمد ہوئی، جس کے بعد اہل خانہ کی حالت غیر ہو گئی۔حاجی محمد عرفان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔دوسری جانب واقعے کی خبر پھیلتے ہی شہریوں میں تشویش پیدا ہو گئی جبکہ مختلف سماجی اور عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ متعلقہ دکاندار اور انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ تحقیقات کے بعد ہی واقعے کی مکمل حقیقت واضح ہو سکے گی۔

