نوابشاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈویلپمنٹ فورم پاکستان کے زیر اہتمام محکمہ برائے بااختیار افرادِ معذوری سندھ حکومت کے تعاون سے معاونتی آلات کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی اور ریجنل ڈائریکٹر نثار احمد بروہی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر 100 سے زائد اسپیشل پرسنز میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلز، ٹرائی موٹر سائیکلز، الیکٹرک وہیل چیئرز، واکرز اور بیساکھیاں تقسیم کی گئیں۔این ڈی ایف پاکستان کے صدر حاجی عابد لاشاری تمغۂ امتیاز نے کہا کہ ادارہ اسپیشل پرسنز کی بحالی، فلاح و بہبود اور سماجی شمولیت کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اور ریجنل ڈائریکٹر نثار احمد بروہی نے کہا کہ اسپیشل پرسنز معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں مساوی حقوق اور باعزت زندگی کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔تقریب میں الیکشن کمشنر شہید بینظیر آباد یوسف مجیدانو، نادرا زونل انچارج رفیق احمد بلر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال شہزادو جسکانی، پروگرام مینیجر این ڈی ایف طارق حسین چنڑ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

