ویب ڈیسک:
امریکی ریاست الاسکا کے انتہائی شمالی قصبے اُٹکیاگوِک (Utqiaġvik) میں قدرت کا ایک انوکھا اور حیرت انگیز مظہر رونما ہونے جا رہا ہے، جہاں 18 نومبر کو غروب ہونے والا سورج تقریباً دو ماہ یعنی 65 دن تک دوبارہ طلوع نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اس منفرد موسمی اور فلکیاتی کیفیت کو سائنسی اصطلاح میں ’پولر نائٹ‘ (Polar Night) کہا جاتا ہے۔ اُٹکیاگوِک، جسے ماضی میں ’بیرو‘ (Barrow) کے نام سے جانا جاتا تھا، قطبِ شمالی (Arctic Circle) کے اندر واقع ہے، جہاں زمین کے اپنے محور پر 23.5 ڈگری جھکاؤ کے باعث سردیوں کے موسم میں سورج افق سے اوپر نہیں آ پاتا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق 18 نومبر کو سورج غروب ہونے کے بعد اس قصبے کے مکینوں کو اگلا طلوعِ آفتاب دیکھنے کے لیے آئندہ سال 22 یا 23 جنوری تک انتظار کرنا ہوگا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس دوران قصبے میں ہر وقت مکمل گھپ اندھیرا نہیں رہتا، بلکہ روزانہ چند گھنٹوں کے لیے ’سول ٹوائلائٹ‘ (Civil Twilight) یعنی صبح صادق یا شفق جیسی مدھم نیلگوں روشنی پھیلتی ہے، جس کے دوران مقامی آبادی اپنے روزمرہ کے معمولات اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھتی ہے۔
اس کے برعکس گرمیوں کے موسم میں یہاں بالکل الٹ صورتحال ہوتی ہے اور مئی سے اگست تک مسلسل 80 سے زائد دنوں تک سورج غروب نہیں ہوتا، جسے ’مڈ نائٹ سن‘ (Midnight Sun) کہا جاتا ہے۔

