ویب ڈیسک: دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیف بیزوس کے خلائی منصوبے کو شدید دھچکا لگا ہے، جہاں امیزون کے انٹرنیٹ منصوبے کے لیے روانہ کیا جانے والا ‘ولکن’ (Vulcan) راکٹ پرواز بھرنے کے محض 10 منٹ بعد ہی تکنیکی خرابی کے باعث ناکام ہو گیا، جس کے نتیجے میں راکٹ پر موجود تمام 40 سیٹلائٹ تباہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق امیزون کے عالمی سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک (پراجیکٹ کائپر) کو وسعت دینے کے لیے جدید ترین ولکن راکٹ کے ذریعے 40 سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار میں بھیجا جا رہا تھا۔ تاہم، لانچنگ کے ابتدائی مرحلے کے بعد دسویں منٹ میں راکٹ کے انجن اور نظام میں اچانک سنگین خرابی پیدا ہوئی، جس سے مشن مکمل طور پر ناکام ہو گیا۔
خلائی ماہرین کے مطابق اس حادثے سے نہ صرف امیزون کو کروڑوں ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے بلکہ ایلون مسک کی کمپنی ‘اسپیس ایکس’ (سٹار لنک) کے مقابلے میں تیز رفتار سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے جیف بیزوس کے منصوبوں میں بھی تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ متعلقہ خلائی ادارے اور انجینئرز نے راکٹ کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

