لاہور: پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے میٹرک سالانہ امتحانات 2027ء کے شیڈول کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے بھر میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز آئندہ سال 16 مارچ 2027ء سے ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 16 مارچ 2027ء سے شروع ہوں گے، جب کہ ان امتحانات کے حتمی نتائج کا اعلان 20 جولائی 2027ء کو کیا جائے گا، امتحانات میں شرکت کے خواہشمند طلباء و طالبات کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی مختلف تاریخیں مقرر کی گئی ہیں، سنگل فیس کے ساتھ 11 دسمبر 2026ء تک داخلہ فارم جمع کرائے جا سکیں گے، ڈبل فیس کے ساتھ 12 دسمبر سے 28 دسمبر 2026ء تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے، ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جنوری 2027ء ہوگی۔
محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ رواں سال صوبے کے مختلف بورڈز کے تحت ہونے والے امتحانات میں اگرچہ لڑکیوں نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے میدان مارا تھا، تاہم نویں جماعت کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے تھے، پنجاب بھر میں تقریباً 2 ہزار 200 سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت میں کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے بھی کم رہا، جبکہ کئی سرکاری اسکول ایسے بھی تھے جہاں نویں جماعت کا ایک بھی طالب علم امتحان پاس کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
بتایا جارہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کی خراب کارکردگی کے اس سنگین معاملے کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خود سخت نوٹس لیا تھا، انہوں نے آؤٹ سورس اسکولوں کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں محض کاغذی کارروائی یا پوائنٹ اسکورنگ سے کام نہیں چلے گا، سرکاری اسکولوں کو اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانی ہوگی اور اساتذہ کی محنت کا واضح اثر طلباء کے اچھے نتائج کی صورت میں نظر آنا چاہیے۔

