سڈنی (ویب ڈیسک)
انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں جارحانہ اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جو آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
اس اننگز کے ساتھ انگلینڈ نے 2011 میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ہی بنایا گیا اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جب انگلش ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز اسکور کیے تھے۔
انگلینڈ کی اننگز کا نمایاں پہلو ٹام بینٹن کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ رہی، جنہوں نے شاندار سنچری اسکور کی؛ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔ تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
درمیانی اوورز میں چند وکٹیں گرنے کے باعث انگلینڈ کی رنز بنانے کی رفتار کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی، تاہم جیکب بیتھل اور ول جیکس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں جڑ دیں اور ٹیم کو نہ صرف سنبھالا دیا بلکہ اسکور کو 355 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم کوپر کونولی کے علاوہ دیگر آسٹریلوی بولرز خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔ آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 356 رنز کا دشوار ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

