ملتان (ملک جابر عباس سے)
بستی اللہ آباد، کوٹھے والا روڈ پر پل چٹھہ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان کی اچانک موت کی خبر سن کر اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق بستی اللہ آباد، کوٹھے والا روڈ پر پل چٹھہ کے قریب ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی گزر رہی تھی کہ اچانک سڑک پر جمپ لگنے کے باعث اس پر سوار 18 سالہ نوجوان آصف توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نیچے جا گرا۔ سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق نوجوان کی میت لواحقین کے حوالے کر دی۔
نوجوان آصف کی کم عمری میں ناگہانی موت اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ بن گئی ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

