کشتواڑ (ویب ڈیسک): جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے دو اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کی میتوں کو مبینہ طور پر تابوت اور ایمبولینس کے بجائے ایک ڈمپر ٹرک میں آبائی گاؤں پہنچانے پر شدید تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس واقعے پر مقامی بی جے پی رکن اسمبلی شگن پریہار نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت 45 سالہ رَشپال سنگھ اور 57 سالہ بوبی چند کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق دچھن کے علاقے کیار سے تھا اور وہ اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) سے وابستہ تھے۔ دونوں اہلکار بسنان کے علاقے میں تعینات فوجی دستے کو ریلیف دینے جا رہے تھے کہ گھنے جنگلات میں فائرنگ کے بعد لاپتہ ہو گئے، جبکہ اگلے روز ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
اہلِ خانہ اور مقامی دیہاتیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ان اہلکاروں کی میتوں کو باعزت طریقے سے ایمبولینس یا تابوت میں لانے کے بجائے لکڑی کے تختوں پر رکھ کر ایک ڈمپر ٹرک میں گاؤں پہنچایا گیا۔ اس افسوسناک منظر کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا شدید احتجاج اور غم و غصے میں بدل گئی۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کشتواڑ سے بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے اس اقدام کو شہید اہلکاروں کی کھلی توہین قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران وہ آبدیدہ ہو گئیں اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جوانوں کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کسی صورت قابلِ برداشت نہیں ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے کشتواڑ کے دچھن اور مڑواہ کے گھنے جنگلات میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر محاصرہ اور سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ تین مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دینے یا اطلاع فراہم کرنے پر 30 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

