کراچی : سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے گڈاپ میں تاجر کے گھر ہونے والی 9 کروڑ روپے مالیت کی بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث زیرِ حراست ملزمان مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر حراست سے فرار ہوگئے، فرار ہوتے وقت وہ ایک پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل بھی اپنے ساتھ لے اڑے، آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گڈاپ میں تاجر کے گھر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں ایک سنار سمیت کل تین ملزمان ملوث تھے جنہیں گرفتار کر کے گڈاپ پولیس کی حراست میں رکھا گیا تھا، تاہم سکیورٹی میں مبینہ غفلت کے باعث تین میں سے دو ملزمان پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، حیران کن طور پر فرار ہونے والے ملزمان جاتے ہوئے وہاں موجود ایک پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل بھی اپنے ہمراہ لے گئے، جس سے پولیس کی سکیورٹی اور نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
پولیس ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ تقریباً چار ماہ قبل گڈاپ کے علاقے میں ایک مقامی تاجر کے گھر ڈکیتی کی یہ بڑی واردات پیش آئی تھی، اس واردات کے دوران مسلح ملزمان گھر سے 200 تولے سونا، چاندی اور 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، لوٹے گئے سونے، چاندی اور نقدی کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جس کا باقاعدہ مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج کیا گیا تھا اور پولیس طویل تفتیش کے بعد ان ملزمان تک پہنچی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ زیرِ حراست ملزمان کے فرار ہونے کی خبر سامنے آنے پر آئی جی سندھ نے فوری طور پر واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے، ترجمان سندھ پولیس نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
آئی جی سندھ نے پولیس حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی فوری دوبارہ گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ناکہ بندی سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، مزید برآں آئی جی سندھ نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر غفلت اور لاپروائی کے مرتکب پولیس افسران و اہلکاروں کا تعین کرنے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
کراچی میں 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان پولیس حراست سے فرار

