نئی دہلی (ویب ڈیسک) دہلی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک شوٹروں کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک معروف بالی ووڈ اداکار اور ایک تاجر پر قاتلانہ حملے کی سازش ناکام بنا دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ انڈر ورلڈ اور بدنام زمانہ گینگسٹر نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دو شوٹرز شہر میں ایک بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بیرون ملک بیٹھے گینگسٹرز کی جانب سے ممبئی کے ایک معروف بالی ووڈ اداکار اور دہلی کے ایک بڑے تاجر کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ملزمان نے حملے کے لیے دونوں شخصیات کی ریکی بھی مکمل کر لی تھی۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے جدید غیر قانونی اسلحہ، گولیاں اور دیگر مشکوک سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ دہلی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔

