فیصل آباد: تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقے سوساں روڈ پر واقع "راج ون ہوٹل” کے ایک کمرے سے 35 سالہ خاتون کی پراسرار حالات میں لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ خاتون کے ہمراہ ہوٹل میں ٹھہرنے والا شخص موقع سے مبینہ طور پر فرار ہو گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق رحمان ولد عظمت گزشتہ شب خاتون کے ہمراہ ہوٹل آیا اور کمرہ بک کروایا،صبح9بجے ہوٹل سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آیا۔پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے فرانزک ٹیم طلب کر لی،خاتون کےورثاء کی تلاش اور فرار شخص کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متوفیہ کی شناخت 35 سالہ عینی کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش ہوٹل کے کمرے میں بیڈ پر پڑی ملی۔ واقعے کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دی گئی، جس پر مقامی پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کمرے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کیے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ ایک شخص کے ہمراہ ہوٹل آئی تھی جو واقعے کے بعد سے غائب ہے۔ پولیس نے ہوٹل کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لے لی ہے تاکہ فرار ہونے والے مشتبہ شخص کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فیصل آباد: سوساں روڈ پر ہوٹل کے کمرے سے 35 سالہ خاتون کی پراسرار لاش برآمد، ساتھی فرار

