واشنگٹن:
امریکی ریاست اوریگون کے ایک اسکول میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 16 سالہ مسلح لڑکے کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 بچوں اور ایک استاد سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا یہ اندوہناک واقعہ اوریگون کے مقامی اسکول میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے معصوم بچوں کی عمریں 5، 8 اور 11 سال ہیں، جبکہ جان کی بازی ہارنے والے استاد کی عمر 54 سال بتائی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا 16 سالہ حملہ آور بھی اس واقعے میں ہلاک ہو چکا ہے، جسے موقع پر موجود ایک قریبی شخص نے بروقت فائرنگ کر کے ہلاک کیا، جس سے مزید بڑے جانی نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے اسکول کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے اور سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔

