اسلام آباد:
انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ ٹیم سہ ملکی سیریز میں شرکت کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔ایئرپورٹ پر آمد کے بعد انگلش ٹیم کو سخت سکیورٹی حصار میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔ مہمان ٹیم کل (بروز ہفتہ) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی اور سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔واضح رہے کہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کا باقاعدہ آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔ سیریز کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 20 اکتوبر کو راولپنڈی کے اسی میدان پر مدمقابل آئیں گی۔اس سنسنی خیز سہ ملکی سیریز کے تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 31 اکتوبر کو تاریخی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

