سیالکوٹ: پسرور (سلیم احمد اعوان شیخو)
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کے ہمراہ کیڈٹ کالج پسرور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت اور کالج کے پرنسپل نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ کیڈٹس نے مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کیڈٹ کالج پسرور میں گھڑ سواری کلب اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) گیلری کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کالج کے احاطے میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دورہ کے دوران کمشنر محمد علی نے کالج میں تعلیمی سہولیات، تدریسی سرگرمیوں، کھیلوں کے انتظامات اور ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی استعداد میں اضافے، جسمانی نشوونما اور جدید علوم سے آگاہی کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔کمشنر نے کالج کے میس میں طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کا جائزہ لیا اور رہائشی و بورڈنگ سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ کے لیے دستیاب بنیادی سہولیات، نظم و ضبط اور مجموعی تعلیمی ماحول کا بھی جائزہ لیا گیا۔کیڈٹ کالج پسرور میں گھڑ سواری کلب اور اے آئی گیلری کا قیام طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، عملی تربیت اور غیر نصابی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ان سہولیات سے طلبہ کو جدید علوم سے روشناس ہونے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع میسر آئیں گے۔حکومت پنجاب کی ترجیحات کے مطابق تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کا فروغ نوجوان نسل کی بہتر مستقبل سازی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

