سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
سیالکوٹ پولیس نے گھر میں 72 لاکھ روپے کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقد چوری کی بڑی واردات کرنے میں ملوث 3 خواتین کے گینگ کو گرفتار کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ نیکا پورہ میں محلہ کشمیریاں کے رہائشی منور حسین نے اپنی بہن کے گھر سے 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقد چوری ہونے کا مقدمہ درج کروایا تو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد نے گھر میں مذکورہ چوری کی بڑی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ نیکاپورہ انسپکٹر جہانزیب کو چوری میں ملوث چوروں کا فی الفور سراغ لگا کر مذکورہ چوری شدہ مال کا برآمدگی کا ٹاسک سونپا۔ پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج پنجاب سیف سیٹینز اتھارٹی کے کیمروں اور دیگر تکنیکی وسائل کی مدد سے واردات میں ملوث چور راشدہ پروین اور اس کی ساتھیوں نگینہ سلیم اور شہر بانو کا سراغ لگا گینگ کو گرفتار کر لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ تفتیش کے دوران گرفتار شدہ خواتین گینگ نے بتایا کہ وہ مختلف گھروں میں کام کاج کرتی تھیں۔ انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقدمہ کی مدعی منور حسین کے گھر کی عمر رسیدہ مالکن کے صندوق کی چابی حاصل کی اور مختلف اوقات میں طلائی زیورات اور نقدی چوری کرتی رہیں۔ چوری شدہ زیورات میں ڈائمنڈ سیٹ، چوڑیاں، ہار اور بالیاں شامل تھیں۔پولیس نے مذکورہ خواتین گینگ کے قبضے سے چوری شدہ 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقدی برآمد کر کے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے اصل مالک کے حوالے کر دئیے ہیں۔
شہریوں اور اہلِ علاقہ نے واردات ٹریس کرنے اور سو فیصد مالِ مسروقہ برآمد کرنے پر سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔جن



