اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو غیر ملکی ملازمت اور ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے لوٹنے والے جعلی جاب نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم نعمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے اسلام آباد کے پوش علاقے بلیو ایریا میں باقاعدہ ایک فیک (فراڈ) آفس بھی بنا رکھا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے لائبہ نامی طالبہ کو ہاورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور امریکا کا ویزا دلوانے کے بہانے اسی بلیو ایریا والے دفتر میں بلایا اور اسے اپنے جال میں پھنسایا۔ متاثرہ لڑکی کو بیرون ملک یونیورسٹی داخلے نوکری اور شاندار تنخواہ کا سبز باغ دکھایا گیا تھا۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس فراڈ میں ملزم کی ایک خاتون ساتھی ایبٹ آباد کی فاطمہ سرور عرف آئزہ بھی برابر کی شریک تھی فاطمہ سرور اس وقت مسلم کالونی راولپنڈی میں ۔رہائش پذیر ہے۔ ملزم لائبہ کو دھوکہ دینے کے لیے یہ کہتا تھا کہ اس کی یہ خاتون ساتھی امریکہ میں مقیم ہے اور وہی تمام ویزا و جاب اسپانسرشپ کے معاملات سنبھالتی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-13 سے گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم ایک کرائے کا کمرہ لے کر روپوش تھا اور اس کے فون سے آن لائن فراڈ اور خواتین کو بلیک میل کرنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کوئٹہ میں اینٹی کرپشن میں ملازم تھا اور اسے بعدازاں معطل کر دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اسلام آباد میں ایک نجی کمپنی میں بھی ملازمت کی اور اس سے تفتیش جاری ہے جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر RE-837/2026 کی تکمیل کے بعد لائبہ اعجاز کیس میں ملزمان محمد نعمان ولد بدیع الزمان اور فاطمہ سرور عرف آئزہ کے خلاف مقدمہ نمبر FIR-AHTC-ICT-977/26 مورخہ 10 اکتوبر 2026 بموجب دفعات 419، 420 اور 109 پی پی سی بمع دفعات 18 اور 22 ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت درج کر لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندہ امجد الرحمٰن کی بھانجی لائبہ اعجاز سے امریکہ ویزا فراہم کرنے اور اسکالرشپ دلوانے کے بہانے 93 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزمان نے جعلی اسکالرشپ ایوارڈ لیٹرز، یونیورسٹی ایڈمیشن آفر لیٹرز اور فیس پیمنٹ رسیدیں تیار کر کے متاثرہ خاندان کو دھوکے میں رکھا۔ 29 لاکھ روپے لائبہ اعجاز کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اور باقی رقم نقد ادا کی گئی۔ اس سنگین مالی دھوکہ دہی اور ذہنی اذیت کے نتیجے میں متاثرہ لائبہ اعجاز انتقال کر گئیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی زیر نگرانی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر زبیر کمال انجام دیں گے اور مقدمے ملوث میں کسی بھی دیگر شخص کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا
لائبہ سے ویزا فراڈ کرنے والا مرکزی ملزم نعمان اسلام آباد سے گرفتار، خاتون ساتھی کی تلاش جاری

