مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
مٹیاری کی تعصیل ہالا میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پُرنور محفل، علماء و عاشقانِ رسول ﷺ کی بھرپور شرکت مٹیاری کی تعصیل ہالا میں ہر سال کی طرح اس سال بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پُرنور محافل کا اہتمام کیا گیا۔ ہالا کے مارکیٹ چوک میں جماعت اصلاح المسلمین اور طاہری ویلفیئر کے زیرِ اہتمام منعقدہ محفلِ میلاد میں شہر کے مختلف علاقوں سے علماء کرام، نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ علماء کرام نے اپنے خطابات میں سیرتِ طیبہ ﷺ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی محبت ایمان کا بنیادی حصہ ہے، اس لیے ہمیں اپنی زندگی سنتِ رسول ﷺ کے مطابق گزارنی چاہیے۔
محفل میں شریک عاشقانِ رسول ﷺ نے درود و سلام اور ذکرِ رسول ﷺ کے ذریعے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کے رہنماؤں شہاب میمن، محمد مکی طاہری اور الطاف میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محفلِ میلاد کے انتظامات میں انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے بتایا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں آج شام ایک عظیم الشان جشنِ میلاد ریلی بھی نکالی جائے گی۔ محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکائے محفل میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

