میاں چنوں: ۔بینقاب نیوز رپورٹر عاصم کمال
محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن میاں چنوں کے کلرک محمد طاہر علی کو 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحقیقات خانیوال کاشف محمود اور ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے نشان زدہ کرنسی برآمد کر کے قانونی ضابطے کے مطابق تحویل میں لے لی گئی۔ حکام کے مطابق ملزم نے سائل توصیف اعظم سے بچوں کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے پہلے 10 ہزار روپے وصول کیے تھے، جبکہ مزید 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے اسے موقع پر گرفتار کیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش و قانونی کارروائی جاری ہے۔

