کولکتہ: انڈین پریمیئر لیگ (IPL) کی مشہور ٹیم دہلی کیپٹلز کے وکٹ کیپر بلے باز اور بنگال سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر ابھیشک پوریل (Abishek Porel) کو سنگین الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے شادی کے جھانسہ دے کر ایک طالبہ کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کیے اور بعد میں مجرمانہ دھمکیوں اور بلیک میلنگ کا سہارا لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ جون کے مہینے میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والی ایک میڈیکل کالج کی طالبہ اور اس کی والدہ کی جانب سے موگرا پولیس اسٹیشن (ضلع ہوگلی) میں درج کرایا گیا تھا۔ متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ پچھلے تین سالوں سے کرکٹر کے ساتھ تعلق میں تھی اور شادی کے وعدے کی بنیاد پر ان کے مابین تعلقات قائم ہوئے۔ شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ اپریل 2026ء کے دوران دہلی میں ملزم نے اسے غیر قانونی طور پر قید رکھا، خوراک سے محروم رکھا اور ان کی نازیبا تصاویر و ویڈیوز ریکارڈ کرکے انہیں منظر عام پر لانے کی دھمکیاں دیں۔
#BREAKING | IPL cricketer Abishek Porel arrested over allegations of rape and criminal intimidation pic.twitter.com/IaYoBOa7SC
— NDTV (@ndtv) August 11, 2026
پولیس کارروائی میں تاخیر کے خلاف متاثرہ خاتون نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ گزشتہ 14 جولائی کو ہائی کورٹ کے جج جسٹس سوگتا بھٹاچاریہ نے پولیس کو ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور اس کے تمام الیکٹرانک آلات (بشمول پن ڈرائیو) ضبط کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ نجی مواد کی مزید تشہیر کو روکا جا سکے۔
ہوگلی (دیہی) کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کنور بھوشن سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ عدالت کے احکامات اور تفصیلی قانونی کارروائی کے بعد 23 سالہ کرکٹر کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے ابھیشک پوریل کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 69 (شادی کے جھانسے پر جنسی تعلق) سمیت دیگر سنگین دفعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ طبی معائنے کے بعد چنسورہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔
یادرہے ابھیشک پوریل نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگال کی نمائندگی کرنے کے علاوہ آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز کی طرف سے شاندار کھیل پیش کیا تھا، تاہم اس سنگین قانونی تنازع اور گرفتاری کے بعد ان کے کرکٹ کیریئر کو تاریک کردیا ہے۔

