بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
کوئٹہ سے خضدار جانے والی مسافر گاڑی سوراب میں حادثے کا شکار ، 7 افراد زخمی، ایک کی حالت تشویشناک۔سوراب کوئٹہ سے خضدار جانے والی ایک ڈوم مسافر گاڑی ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ کے مقام پر ٹائر برسٹ ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی سوراب پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ریسکیو کرکے سول ہسپتال سوراب منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک شخص کی حالت نازک ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ گاڑی کا ٹائر اچانک برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے۔زخمیوں میں غلام سرور ولد خدابخش (55 سال، ساکن ہدہ کوئٹہ)، سمیع اللہ ولد رحمت اللہ (23 سال، ساکن سنی، خضدار)، علی اکبر ولد نوربخش (45 سال، ساکن عزیز آباد، سوراب)، جمعہ خان ولد امیر بخش (57 سال، ساکن زیدی، خضدار)، غلام حیدر ولد قمیصی خان (55 سال، ساکن زیدی، خضدار)، مہربان ولد رحمن (45 سال، ساکن میرا گوٹھ، حب چوکی، ضلع لسبیلہ) جو شدید زخمی ہیں، جبکہ اظہر علی ولد مہربان (8 سال، ساکن حب چوکی) بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔پولیس نے شہریوں اور ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل گاڑیوں کی فنی جانچ، بالخصوص ٹائروں کی حالت کا مکمل معائنہ یقینی بنائیں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔


