تاندلیانوالہ میں چار کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سٹریٹ لائٹس منصوبے کا افتتاح ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری جعفر علی ہوچہ نے بٹن دبا کر کیا۔افتتاح کے موقع پر جلا موڑ اور نہر بنگلہ پل پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور جعفر علی ہوچہ کو ہار پہنا کر شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر جعفر علی ہوچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پورے شہر کی خوشی ہے۔ چار کروڑ ساٹھ لاکھ روپے تاندلیانوالہ کی خوبصورتی پر خرچ کیے گئے ہیں تاکہ یہاں سے گزرنے والا ہر شخص شہر کی خوبصورتی کو محسوس کر سکے۔لوگ باتیں کرتے رہتے ہیں جبکہ ہمارا کام عوام کی خدمت کرنا ہے۔ عوام ہمیں اس لیے ووٹ دیتی ہے کہ ہم کام کرتے ہیں، صرف دعوے نہیں کرتے۔ میں چوبیس گھنٹے عوامی خدمت کے لیے حاضر ہوں اور ہمیشہ یہی سوچتا ہوں کہ عوام کی فلاح کے لیے مزید کون سے منصوبے شروع کیے جائیں۔جعفر علی ہوچہ کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں دیہات میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا، تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا اور شہر کی خوبصورتی کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔

