’’مولوی صاحب نے کہا غسل دیدوں گا لیکن میرے پاس کفن کے پیسے ہی نہیں تھے‘‘
ملتان :کفن دفن کا انتظام نہ ہونے پر بیٹے کی لاش دو دن گھر پڑی رہی، بو آنے پر محلہ داروں نے پولیس کو بلا لیا۔۔۔۔ذیشان کے باپ کے دل دہلا دینے والے انکشافات
اردو نیوز کوایک انٹرویو میں مرحوم ذیشان کے والد نے بتایا کہ بیٹا غربت اور کسمپرسی کی حالت میں فوت ہوا تو اسکی لاش دو دن تک گھر میں ہی پڑی رہی کیونکہ تدفین کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں تھا، گرمی کی وجہ سے میت سے بدبو آنا شروع ہوئی تو اہل محلہ نے اعتراض کیا کہ یہاں شدید بدبو آ رہی ہے،محلہ داروں نے صورتحال دیکھ کر پولیس کو بلا لیا۔
ضعیف باپ کا کہنا تھا کہ ہم ریڑھی پر کباڑ اکٹھا کرنے کا کام کرتے ہیں، یہ ایک ہوائی روزی ہے، کبھی کام لگ جائے تو چند پیسے مل جاتے ہیں اور جس دن کام نہ لگے، اس دن ہمیں اور بچوں کو فاقے کاٹنے پڑتے ہیں، ہم کرائے کے مکان میں رہتے ہیں جس کا ماہانہ کرایہ 4 ہزار روپے ہے، جو ہماری اوقات سے باہر ہے۔
انہوں نے آبدیدہ آنکھوں سے بتایا کہ جب کوئی راستہ نہ بچا تو میں نے بیٹے کی میت کو ایک عام چادر میں لپیٹا اور اسے اٹھا کر سیدھا جنازہ گاہ لے گیا، وہاں جب مولوی صاحب کو بلایا گیا تو انہوں نے کہا میں اس کو غسل دے کر کفن پہنا دوں گا، لیکن میرے پاس کفن خریدنے کے لیے پیسے ہی نہیں تھے۔

