کراچی :عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل چھٹے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا مزید 2 ہزار روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 8 ہزار 936 روپے کی سطح پر آگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 8 ہزار 936 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی ایک ہزار 715 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 50 ہزار 596 روپے پر آگئی، جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت میں 115 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 228 روپے ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔
عالمی بازار میں فی اونس سونا 20 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 864 ڈالر پر آگیا، جس کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھنے میں آئے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے پیچھے عالمی معاشی صورتحال، امریکی ڈالر کی مضبوطی، شرح سود میں اضافے کے امکانات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کے لیے سونے کی فروخت جیسے عوامل اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

