جنیوا (ویب ڈیسک)
مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس خودکار ہتھیاروں یعنی ’کلر روبوٹس‘ پر عالمی پابندی اور قانونی ضابطہ اخلاق طے کرنے کے لیے پیر سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اس کانفرنس میں 128 ممالک کے مندوبین شریک ہیں، تاہم امریکہ، روس اور اسرائیل جیسی بڑی عسکری طاقتیں اس حوالے سے کسی بھی قانونی طور پر پابند معاہدے کی مخالفت کر رہی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق روایتی ہتھیاروں سے متعلق کنونشن (CCW) کے اس جائزہ اجلاس کا بنیادی مقصد یہ طے کرنا ہے کہ آیا مہلک خودکار ہتھیاروں (LAWS) پر پابندی یا انہیں محدود کرنے کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں یا نہیں۔
-
ان ممالک کا مؤقف ہے کہ جنگ کے دوران نافذ موجودہ بین الاقوامی انسانی قوانین ہی ایسے ہتھیاروں سے نمٹنے کے لیے کافی ہیں۔ امریکہ قانونی پابندیوں کے بجائے محض غیر پابند رہنما اصول بنانے کا حامی ہے اور اس نے اس عمل کے لیے پانچ سالہ مدت تجویز کی ہے۔
-
سفارتی ذرائع کے مطابق روس ماضی کی طرح اس بار بھی کسی پابند معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بننے اور مذاکرات میں مبصر کے طور پر شریک یورپی یونین کو خطاب سے روکنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
-
برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ایک ایسے معاہدے پر بات چیت کی تجویز دی ہے جس میں فی الحال یہ معاملہ کھلا رکھا جائے کہ وہ قانونی طور پر پابند ہوگا یا نہیں، جبکہ اجلاس کے چیئرمین نے قانونی پروٹوکول طے کرنے کے لیے دو سالہ مدت تجویز کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (ICRC) اور پوپ لیو چہاردہم سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں زندگی اور موت کا فیصلہ مکمل طور پر خودکار مشینوں کے حوالے کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے کہا ہے کہ اگر جنیوا اجلاس میں ٹھوس فیصلہ نہ کیا گیا تو عام شہریوں کی زندگیاں شدید خطرات سے دوچار رہیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 163 ممالک نے خودکار ہتھیاروں پر مذاکرات شروع کرنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا، جبکہ امریکہ، روس، اسرائیل، بیلاروس اور شمالی کوریا نے اس کی مخالفت کی تھی اور چین، ایران اور سعودی عرب سمیت 9 ممالک رائے شماری سے غیر حاضر رہے تھے۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے جاری رہنے والے مذاکرات خاصے کٹھن ہوں گے، تاہم ہفتے کے اختتام تک کسی درمیانی یا مخلوط معاہدے پر اتفاق کی امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔

